اڈپی 22/ جولائی (ایس او نیوز) تین دن پہلے شہر کے ایک شیئر ڈیلر کو اغواء کرنے اور اسے لوٹنے کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے جن کے تعلق سے بتایاگیا ہے کہ وہ ہندو جاگرن ویدیکے کے اراکین ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کے نام سنتو ش بووی، انیل پجاری اور منی عرف منی کنٹا کھاروی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان لوگوں کو کٹپاڈی جنکشن کے پاس سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 1.35 لاکھ روپے، ایک پستول اور ایک موبائل فون ضبط کیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹمکور کا رہنے والے اشوک کمار ایس (25) کو اغواء کرکے اس کے بینک کھاتے سے رقم اڑانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ اشوک کمار نے دو اور ساتھیوں کے شرکت سے اڈپی کے وادی راج کامپلیکس میں شیئر بزنس شروع کیا تھا ۔ کہا جاتا ہے کہ سنتوش بووی نے 16 جولائی کو اشوک کمار کے دفتر میں آیا کاروبار سے متعلق ایک تجویز پر بات کرنے کے بہانے اسے انووا کار میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گیا ۔ جب یہ کار اجرکاڈ کے پاس پہنچی تو اس میں مزید چار افراد داخل ہوگئے اور اشوک کے چہرے کو نقاب سے ڈھانپ دیا گیا ۔ پھر اسے سمندر کے قریب ایک ریسارٹ میں لےجاکر پوری رات وہاں پر رکھا گیا ۔ پستول اور دوسرے دھاردار ہتھیار تان کر جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ اشوک کے پاس موجود دو موبائل فون، دستی گھڑی کے علاوہ نقد دو لاکھ روپے لوٹ لیے گئے ۔ پھر اس سے تاوان کے طور پر 70 لاکھ روپے طلب کرتے ہوئے اسے زد و کوب کیا گیا۔
کہانی میں ٹوسٹ اس وقت آگیا جب اغواء کار اشوک کے اکاونٹ سے 10 لاکھ روپے نکالنے کے لئے اسے ریسارٹ سے بینک لے گئے ۔ ایک اغواء کار اشوک کے ساتھ بینک میں داخل ہوا اور بقیہ ملزمین باہر انتظار کرنے لگے ۔ اس دوران اشوک نے اندر پہنچنے کے بعد اچانک دوڑ لگائی اور منیجر کے ٹیبل تک پہنچ گیا اور چلانے لگا کہ اس کا اغواء کرکے لوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس صورت حال سے گھبرا کر اندر ساتھ میں آنے والا اغواء کار باہر کی طرف بھاگ کھڑا ہوا اور تمام اغواء کار وہاں سے کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملہ کی شکایت درج ہونے کے بعد تین تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ۔ تفتیش کے دوران اغواء کے لئے استعمال کی گئی کار منی پال کے ایک پارکنگ لاٹ میں پائی گئی ۔ جب کار مالک سے پوچھ تاچھ کی گئی تو پتہ چلا ہے کہ جرم انجام دینے والوں نے یہ کار کرایہ پر حاصل کی تھی ۔ ان معلومات کی بنیاد پر ملزمین کو تلاش کرکے انہیں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار شدہ ہندو جاگرن ویدیکے کے کارکنان میں سے تین پر پہلے ہی سے کارکلا اور سبرامنیا پولیس اسٹیشنوں میں دوسرے معاملات درج ہیں ۔ بقیہ ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس نے جال بچھا رکھا ہے۔